پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کی ناکامیاں ہمارے گلے پڑیں گی۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خورشید نے کہا کہ حکومت کے چین اور آئی ایم ایف سے معاہدوں سے متعلق لاعلم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بجٹ کا علم نہیں کون سا ہے اور کیسا ہے؟ حکومت نے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف اور چین سےمعاہدوں سے متعلق ہم لاعلم ہیں، پارلیمنٹ کو ضابطہ اخلاق کے تحت چلنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے اگر شرائط طے کی ہیں تو حکومت کو ہمیں اعتماد میں لینا چاہیے تھا، حکومت کا فرض ہے وہ اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلے۔
خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ ہم لڑنا نہیں ہم مفاہمت کی پالیسی چاہتے ہیں، حکومت کی ناکامیاں ہمارے گلے میں پڑیں گی۔
پی پی رہنما نے کہا کہ حکومت کے ساتھ کھل کر کھڑے ہیں، پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہے اس میں فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بھی اپنا رول ادا کر کے پارلیمنٹ کو مضبوط بنائے، پیپلز پارٹی کے پی ٹی آئی کے ساتھ بیک ڈور رابطے نہیں ہیں۔