کراچی (نیوز ایجنسیز)چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے کہا ہے کہ میرا گمان ہے جج کرپٹ اور بے ایمان نہیں ہو سکتا، کچھ کوششیں ایسی ضرور ہوئیں لیکن خدا کی رحمت سے مجھ پر کسی نے دباؤ نہیں ڈالا، عدلیہ کی آزادی اسکے فیصلوں سے نظر آتی ہے، ایک دو بار کچھ ایسی کوشش ہوئی جس کا فوری سدباب کیا بعد میں وہ بھی غلط فہمی ثابت ہوئی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ریونیو کے اشتراک سے ہائیکورٹ میں ان لینڈ رجسٹریشن سسٹم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ہائی کورٹ کے ججز اور وکلا رہنمائوں نے شرکت کی۔چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے کہا کہ خفیہ اداروں کی مداخلت کی کوئی شکایت نہیں، کبھی کبھار نامعلوم سی چیزیں کچھ دیکھی ہیں لیکن کسی نے کوئی کال وغیرہ نہیں کی، ماتحت عدالتوں میں بھی ایسا کوئی کیس نہیں سامنے آیا، سندھ کی عدلیہ پر کسی مخصوص کیس میں دبا ڈالنے کی کوشش نہیں کی گئی پوری دیانت داری سے کہتا ہوں الیکشن ٹریبونل کے جج کا تبادلہ معمول کی کارروائی تھی ججز کے تبادلے کا نظام بہت پیچیدہ ہے۔چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے کہا کہ واضح طور پر کہتا ہوں مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔