بڑی عید پر ڈبل دھماکا، سوشل میڈیا پر شہرت پانے والے پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار چاہت فتح علی خان نے ’بدو بدی 2‘ ریلیز کرنے کے ساتھ ہی فلمی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا۔
خیال رہے کہ چاہت فتح علی خان نے ملکہ ترنم نور جہاں کا معروف پنجابی گانا ’اکھ لڑی بدو بدی‘ کا ری میک بنایا تھا، 28 ملین ویوز حاصل کرنے والے اس گانے کو یوٹیوب نے کاپی رائٹ ہونے کی وجہ سے ڈیلیٹ کردیا۔
تاہم اب گلوکار نے ’بدو بدی 2‘ گانا ریلیز کردیا اور ویڈیو بھی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کردی۔
گانے کی ویڈیو میں چاہت فتح علی خان خود ڈانس کرتے دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ ویڈیو میں ایک ماڈل کے کچھ کلپس بھی ایڈیٹ کئے گئے ہیں۔
یہاں یہ بھی واضح رہے کہ اس بار انہوں نے مذخورہ گانا اپنے فیس بُک اور انسٹاگرام پر جاری کیا ہے جس نے چند گھنٹوں میں ہی مشترکہ طور پر 1 لاکھ سے زائد ویوز حاصل کر لئے ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے ایک اور ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
مذکورہ ویڈیو پیغام میں انہوں نے بتایا ہے کہ بقر عید کے موقع پر ان کی فلم ’سبق‘ بھی ریلیز ہو رہی ہے۔