بھارت نے پیرس اولمپکس 2024ء کی تیاری کے لیے اپنے ایلیٹ ایتھلیٹس کی ٹریننگ پر کروڑوں روپے لگا دیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ رقم سرکردہ ایتھلیٹس کی بیرونِ ملک ٹریننگ اور کیمپس پر خرچ کی گئی۔
ایلیٹ ایتھلیٹس کو امریکا، جرمنی، فرانس، اسپین اور اٹلی میں ٹریننگ کا موقع فراہم کیا گیا جبکہ بھارت میں دستے کے دیگر اراکین کے ٹریننگ کیمپس الگ جاری ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت نے ایلیٹ ایتھلیٹس کو پیرس اولمپکس کی بہتر تیاری کا موقع فراہم کیا، بھارت مشن اولمپک سیل ٹارگٹ اولمپک پوڈیئم اسکیم کے تحت کروڑوں روپے خرچ کر رہا ہے۔
سب سے زیادہ 6.25 کروڑ روپے بھارتی ایتھلیٹکس پر خرچ کیے گئے جبکہ بیڈ منٹن پر 5.77، شوٹنگ پر 3.83، ٹینس پر 1.57 اور پیرا اسپورٹس پر 1.17 کروڑ بھارتی روپے خرچ ہوئے۔
جیولین تھرور نیرج چوپڑا کے لیے جنوبی افریقا، فن لینڈ، جرمنی اور ترکیے میں ٹریننگ کیمپس لگائے گئےجہاں 176 دن کے ٹریننگ کیمپس پر 48.76 لاکھ بھارتی روپے خرچ کیے گئے۔
دوسرے نمبر پر بیڈمنٹن پلیئر پی وی سدھو کو جرمنی میں 36 روز ٹریننگ فراہم کی گئی جس پر 26.60 لاکھ بھارتی روپے خرچ ہوئے۔
علاوہ ازیں سوئمنگ، آرچری، باکسنگ، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ کے بھی ایلیٹ ایتھلیٹس پر رقم خرچ کی گئی۔