• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج کے سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات ادا


دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں جان دینے والے پاک فوج کے سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 سالہ سپاہی ہارون ولیم نے گزشتہ روز کرم میں مادرِ وطن کے دفاع میں جان قربان کی تھی۔

سپاہی ولیم ہارون کی آخری رسومات سینٹ پال چرچ راولپنڈی میں ادا کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف اور وزیرِ دفاع نے بھی سپاہی ہارون ولیم کی تدفین کی تقریب میں شرکت کی.

آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار عقیل احمد، لانس نائیک محمد تفیر، سپاہی انوش روفن اور سپاہی محمد اعظم خان کی تدفین ان کے آبائی علاقوں میں کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے عیسائی برادری کی ملک کی ترقی میں خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسلح افواج مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے مشتمل افراد کا مجموعہ ہے، یہ مجموعہ ریاست کے اجتماعی دفاع کے لیے کوشاں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کل ایک انتہائی افسوسناک واقعے کے نتیجے میں ہارون ولیم نے وطن پر جان قربان کی، میں ان قربانی دینے والے سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پاک فوج ریاست کے دفاع کے لیےکوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہدا نے پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، افواجِ پاکستان نے ملکی حفاظت کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں، وطن پر قربان ہونے والوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، لاکھوں کروڑوں لوگوں نے ہجرت کی اور اپنی جان کی قربانی دی، قائد اعظم نے فرمایا کہ تمام لوگوں کو زندگی گزارنے کے مساوی مواقع ملیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسیحی برادری کی پاکستان کے لیے بڑی قربانیاں ہیں، مسیحی برادری نے آرمی، ایئر فورس اور بحریہ میں اپنی خدمات پیش کیں، میں خود ایک مشنری اسکول سے پڑھا ہوں، پوری قوم افواجِ پاکستان اور سپہ سالار سب ان کو سلام پیش کرنے کے لیے یہاں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب کو آئین و قانون کے مطابق مساوی حقوق حاصل ہیں، میں سپہ سالار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میں افواجِ پاکستان کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، ہمارے فوجی نوجوان اپنے بچوں کو یتیم کر کے قوم کے بچوں کو یتیم ہونے سے بچاتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سپاہی ہارون ولیم، سپاہی انوش اور ان کے ساتھیوں کی خدمات کو سراہا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ان سپاہیوں کا اتحاد اور بہادری قوم کی مضبوطی کی مثال بنتی ہے، قوم مادرِ وطن کے لیے ان سپاہیوں کی خدمات اور قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔

قومی خبریں سے مزید