• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ بی بی نے وضاحت کر دی، سعودی عرب سے متعلق کوئی بات نہیں کی، رؤف حسن


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما رؤف حس نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی نے سعودی عرب سے متعلق کوئی بات نہیں کی، انھوں نے  جنرل باجوہ سے متعلق بات کی تھی۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے روف حسن کا کہنا تھا کہ سازش بانی پی ٹی آئی کے سعودی عرب کے دورے کے بعد سے شروع ہوئی تھی۔ دورے کے بعد سے شروع ہونے والی سازش انجام تک 2022 میں پہنچی۔

رؤف حسن نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے بیان کا وہ مطلب نہیں تھا جو حکومتی وزیر نکال رہے ہیں۔ ان کے بیان سے حکومت نے پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ 

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کا سیاسی کردار نہیں۔ ایک خاتون اپنے شوہر اور بہنیں اپنے بھائی کےلیے جدوجہد کر رہی ہیں۔ 

روف حسن نے کہا کہ آج پی ٹی آئی قیادت تین گھنٹے انتظار کے بعد بغیر ملاقات اڈیالا جیل سے واپس آئی۔ کہیں مس کمیونیکیشن ہوئی شاید اس لیے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہوسکی۔

انھوں نے کہا کہ مذاکرات جس سطح پر ہو رہے ہیں محسن نقوی اس سطح پر نہیں۔ مذاکرات جن سے ہو رہے ہیں وہ محسن نقوی سے اوپر کے لوگ ہیں۔ 

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ مذاکرات ختم نہیں ہوئے اب بھی جاری ہیں، مذاکرات آگے بڑھتے ہیں اور نتیجہ نکلنے کی امید بنتی ہے تو پھر سوچا جاسکتا ہے۔

روف حسن نے کہا دھمکی نہیں احتجاج ہمارا قانونی حق ہے جو ہم استعمال کر رہے ہیں۔ ضرورت پڑی تو 24 نومبر کو موثر احتجاج ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید