• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کو سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا


فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کو سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑگیا، وجہ ایک اشتہار میں ان کا کام کرنا بنی ہے۔

جب بھی کسی سپر اسٹار کا بچہ اپنا فلمی کیریئر شروع کرتا ہے تو لوگ اس کا موازنہ ان کے والدین سے کرنے لگتے ہیں، جبکہ اس کے ساتھ ہی شائقین کی جانب سے ان پر سفارش کے الزامات بھی عائد کیے جاتے ہیں۔

2023 میں زویا اختر نے اپنی فلم دی آرچیز کے ذریعے نہ صرف ایک بلکہ تین اسٹار کڈز کو متعارف کروایا۔ ان ہی میں سہانا خان تھیں جو فلم میں ویرونیکا کا کردار ادا کر رہی تھیں، وہ خاص طور پر شدید تنقید کا شکار ہوئیں۔

بہت سے لوگوں نے سہانا پر تنقید کے بجائے ان کے کردار کی تحریر پر الزام لگایا، جسے ان کے مطابق بہتر لکھا جا سکتا تھا۔ تاہم فلم کی ریلیز کے ایک سال بعد سہانا خان ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں اور سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کررہی ہیں۔

سوشل میڈیا پر سہانا خان کی پرفارمنس کے ساتھ ساتھ ان کے فلمی پس منظر پر بھی سوال اٹھائے جارہے ہیں، اور وہ موبائل فون کے ایک اشتہار کی وجہ سے ٹرولنگ کا سامنا بھی کررہی ہیں۔

اس اشتہار میں سہانا کا ایک مختصر ڈائیلاگ ہے، جس کے بعد وہ اپنے ڈانس مووز کے ساتھ میوزک ویڈیو میں نظر آتی ہیں۔ تاہم جیسے ہی یہ کلپ سوشل میڈیا پر سامنے آیا، صارفین نے تنقید شروع کردی۔

صارفین کی جانب سے شاہ رخ خان کی بیٹی کی سلیکشن اور ان کی اداکاری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ایک صارف نے کہا کہ شاہ رخ خان جتنی بھی کوشش کرلیں وہ اپنی بیٹی کو اسکرین پر کامیاب نہیں کرواسکتے۔

تاہم کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ کیا ایک اشتہار کسی اداکار کے کیریئر کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے کافی ہے؟ سہانا مستقبل میں اپنی پرفارمنس کے ذریعے ناقدین کو جواب دیں گی۔

یہ وقت ہی بتائے گا کہ سہانا خان اپنی اداکاری کے ذریعے ان تبصروں کو پیچھے چھوڑ پائیں گی یا نہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید