• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدر آباد سلنڈر دھماکا: 27 قیمتی جانوں کے ضیاع کا ذمہ دار کون؟ تعین نہیں ہوسکا


سانحہ پریٹ آباد حیدرآباد کو گزرے 3 ہفتے ہوگئے لیکن 27 قیمتی جانوں کا ضیاع ہونے کے باوجود ذمہ دار کون ہے؟ اس بات کا تعین نہیں ہو سکا، پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کے باوجود تفتیش سست روی کا شکار ہے۔

حیدرآباد کے باسیوں کے لیے 30 مئی کی شام قیامت بن کر ٹوٹی، پریٹ آباد میں دکان میں ایل پی جی گیس سلنڈر کی فلنگ کے دوران دھماکے میں 63 افراد زخمی ہوئے، ان میں سے دو سے 14 سال کے معصوم 19 بچوں سمیت 27 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

پنیاری پولیس کے ایس ایچ او لیاقت علی کی مدعیت میں دکان کے مالک بابو الدین قریشی، بیٹے علی قریشی اور سلنڈر شاپ کے کرایہ دار اکرم ارائیں کے خلاف درج کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق مقدمے  میں نامزد مرکزی ملزم کرایہ دار اکرم آرائیں حادثے میں جاں بحق ہوچکا ہے، جبکہ دکان کے مفرور مالک بابو الدین اور علی قریشی کو تا حال گرفتار نہیں کیا جا سکا، نہ ہی کیس کا چالان پیش کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے لگائی جانے والی دفعات کے تحت ملزمان کو 3 سال سے 15 سال کی سزا ہو سکتی ہے، پولیس کی جانب سے واقعہ کا مدعی بننے سے کئی سوالات اٹھ گئے ہیں، پولیس نے جاں بحق افراد کے ورثاء کی جانب سے ایف آئی آر درج کیوں نہیں  کی؟

واقعہ میں گیس سلنڈر دکان کے مالک اور کرایہ دار کے خلاف مقدمہ تو درج کر لیا، لیکن شہر میں غیر قانونی ایل پی جی سلنڈر پلانٹ کی اجازت کہاں سے ملتی ہے کون دیتاہے؟ یا بغیر اجازت یہ سب کچھ ہوجاتا ہے؟

قومی خبریں سے مزید