سکھر(بیور و رپورٹ)دریائے سندھ میں سکھر بیراج کے مقام سے ایک خاتون سمیت تین نامعلوم افراد کی نعشیں ملی ہیں۔خاتون کی نعش کیرتھر کینال سے جبکہ دیگردو نعشیں بیراج کے دروازوں سے ملیں ، لاوارث ہونے پر ایدھی رضاکاروں نے انہیں امانتًا مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا ۔ سکھر بیراج پر اس وقت نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے اور پانی کا بہاؤ بھی زیادہ ہے اس دوران محکمہ آبپاشی کے اہلکاروں کو سکھر بیراج کے گیٹ نمبر53،58 پر دو افراد کی نعشیں دکھائی دیں جبکہ ایک نعش سکھر بیراج سے نکلنے والی کیر تھر کینال پر نظر آئی جس کی فوری اطلاع پولیس کو دی گئی پولیس نے نعشیں نکال کر ابتدائی تحقیقات اورضروری کارروائی کے بعد ایک خاتون سمیت تین افراد کی نعشیں ایدھی سینٹر سکھر کے حوالے کردیں ، ایدھی سینٹر سکھر کے انچارج گل مہر کے مطابق پانی سے جو تین نعشیں برآمد ہوئی ہیں ان میں ایک خاتون اور دو مرد ہیں، خاتون کی نعش کیرتھر کینال سے جبکہ دونوں افراد کی نعشیں بیراج کے دو مختلف گیٹوں سے ملی ہیں جو پولیس نے ان کے حوالے کی ہیں ، نعشوں کی شناختی نہ ہونے پر تینوں میتوں کی نواں گوٹھ کے قبرستان میں امانتًا تدفین کی گئی ہے۔