• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے۔الیکٹرک کا 70 فیصد نیٹ ورک لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار

کراچی (این این آئی)کے۔ الیکٹرک کے دائرہ کار کا 70فیصد علاقہ بدستور لوڈ شیڈنگ سے مستثنی ہے۔ اس بات کا اعلان کمپنی نے اپنے 2ہزار سے زائد فیڈرز پر مشتمل نیٹ ورک کا سہ ماہی جائزہ لینے کے بعد کیا ہے۔ موجودہ شیڈول نافذ العمل ہوچکا ہے اور کمپنی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے ۔ صارفین کے۔ ای لائیو ایپ اور کے۔ ای واٹس ایپ سروس کے ذریعے تازہ ترین اپ ڈیٹس حاصل کرسکتے ہیں۔ گزشتہ جائزہ مارچ 2024میں لیا گیا تھا۔ کے۔ الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ ہم پی ایم ٹیز پر نصب اسمارٹ میٹرز کے ذریعے اپنے نیٹ ورک پر کڑی نظر رکھتے ہیں، جس سے ہمیں کسی بھی علاقے میں بجلی کی چوری اور بلوں کی وصولی کی صورتحال سے آگاہی ملتی ہے۔ 70فیصد نیٹ ورک کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے جب کہ زیادہ نقصان والے علاقوں میں لوڈشیڈ کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 10گھنٹے ہے۔بلوں کی باقاعدہ ادائیگی اور بجلی کی چوری میں کمی سے کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں بہتری آئی ہے۔ گلستان جوہر بلاک 20، حکیم ولاز مین جناح ایونیو ملیر کینٹ، سورتی سوسائٹی ہاشم آباد اور اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ ایسے علاقے ہیں، جنہیں لوڈ شیڈ سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔