لاہور (ایجنسیاں)سابق وفاقی وزیرفواد چوہدری کا کہناہے کہ فوج سے رابطے منقطع کرنا عمران خان کی سب سے بڑی غلطی تھی جس کے باعث حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان پائی جانے والی غلط فہمیوں میں اضافہ ہوا ‘بانی پی ٹی آئی عمران خان کامیاب نہ ہو ئے تو پاکستان کے عوام ہار جائیں گے‘عہدے اہم نہیں ہیں بانی پی ٹی آئی کی کامیابی ہر صورت ضروری ہے‘اس وقت پاکستان دنیامیں تنہاکھڑاہے۔بدھ کوغیرملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں فوادچوہدری کا کہنا تھاکہ جو لوگ اس وقت تحریک انصاف کی قیادت کررہے ہیں وہ نہیں چاہتے کہ عمران خان جیل سے باہر آئیں کیوں کہ جس دن وہ باہر آئیں گے ان کے پروٹوکول اور پارٹی میں عمل دخل ختم ہوجائے گا‘ فوادچوہدری نے کہاکہ دوران حراست ان پر بدترین تشدد کیا گیا۔ گرفتاری کے بعد اسلام آباد پولیس نے ایک اور ادارے کے حوالے کر دیا جس کے اہلکار تشدد کی ویڈیوز بنا کر اعلی حکام کو بھیجتے رہے ۔ بجلی کے جھٹکوں سمیت ہر قسم کا تشدد کیا گیا۔