اسلام آباد(نمائندہ جنگ)حکومت اور اپوزیشن میں جمعرات کو الیکشن کمیشن اراکین کے ناموں کا تبادلہ کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ 25 جولائی تک الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کا تقرر کر دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن فعال کرنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن کی ملاقاتیں جاری رہیں گی۔ اسحاق ڈار نے الیکشن کمیشن کے نئے اراکین کیلئے ناموں کے تبادلے کیلئے خورشید شاہ سے ملاقات کی، تو اپوزیشن لیڈر نے دیگر جماعتوں سے مشاورت کرنے کیلئے دو روز کا وقت مانگ لیا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بائیسویں آئینی ترمیم کے مطابق الیکشن کمیشن اراکین کی تقرری 45 روز میں ہونا ہے۔ 25 جولائی تک نئے اراکین کا تقرر کر دیا جائے گا۔حکومت اور اپوزیشن کی نامزدگیوں کے تبادلے کیلئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور خورشید شاہ کے درمیان 14 جولائی کو دوبارہ ملاقات ہوگی۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کے ارکان کے ناموں پر مشاورت کی ہے،کوشش ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر معاملات طے پا جائیں۔ ملاقات میں خور شید شاہ نے اسحق ڈار سے وزیراعظم کی صحت سے متعلق بھی دریافت کیا جس پر اسحق ڈار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے وزیراعظم کی طبیعت بہتر ہے اور انہوںنے دفتری امور نمٹانے شروع کردئیے ہیں۔ بعدازاں ایک انٹرویو میں خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر اپوزیشن کسی قسم کی لچک کا مظاہرہ نہیں کرے گی تاہم حکومت کو لچک دکھانا ہوگی۔