لاہور میں ڈیفنس کے قریب الفلاح ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ڈولفن فورس کا اہلکار عدنان اسپتال میں دم توڑ گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہلکار عدنان نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، ہم شہید کے اہلِ خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
اُنہوں نے دوسرے زخمی اہلکار ظفر کو علاج و معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پولیس کے جوان شہریوں کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے الفلاح ٹاؤن میں جمعے کی شب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈولفن فورس کے اہلکار عدنان اور ظفر زخمی ہو گئے تھے۔
دونوں زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اہلکار عدنان نے آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔