اسلام آباد (ایجنسیاں ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہاہے کہ حکومت کمزور ‘ بے بس اور ڈری ہوئی ہے‘ آستینیں چڑھا کر باتیں کرنے والوں میں اتنی جرات بھی نہیں کہ یہ خلاف آئین لگے پوسٹرزکو ہٹاسکیں‘فوج کومتنازع بنایاجارہاہے ‘ بینرز آویزاں کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6لگایاجائے ۔منگل کو ایک انٹرویو میں ان کا کہناتھاکہ اسلام آباد میں ایک برائے نام پارٹی کے سربراہ نے خلافِ آئین بینرز لگائے مگر حکومت میں اتنی جرات نہ ہوئی کہ وہ ان بینروں کو اتارنے کا حکم دیتی‘یہ بینرز حکومتی رٹ کیلئے بھی کھلا چیلنج تھے‘ان بینرزسے جنرل راحیل شریف کی پوزیشن پر بھی سوالیہ نشان کھڑے ہوئے ہیں‘ میں یقین سے کہتا ہوں کہ آرمی چیف کو بینرز کے ذریعے کی گئی اس سیاست کا علم بھی نہیں ہوگا‘پنجاب ہاؤس میں آستینیں چڑھا کر باتیں کرنے والے وزراء کی جرات کہاں غائب ہوگئی ‘مودی کے دوستوں کی نظروں میں مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمان کوئی حیثیت نہیں رکھتے‘ان کی سیاست ازاد کشمیر میں دھینگا مشتی کرنے اور گالیاں دینے تک محدود ہے‘ان کا کہناتھاکہ پوسٹرز پر پارٹی کا نام اور نمبرز لکھے ہوئے ہیں ‘ حکومت ان کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کرے ‘ آرمی چیف اور افواج پاکستان کو بلا وجہ ایسے پوسٹرز لگا کر ایسے لوگ متنازع بنانا چاہتے ہیں‘ حکومت کو بے اختیاری سے بااختیاری کی طرف آنا چاہیے‘حکومت اس لئے کاروائی نہیں کر رہی کہ کوئی اور ناراض نہ ہو جائے ۔