اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے، مسلم لیگ ن کی حکومت میں امن لوٹ آیا تھا، جب بھی پاکستان ترقی کرنے لگتا ہے صیہونی طاقتیں امن خراب کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کس نے آئی ایم ایف کو کہا تھا کہ پاکستان کو فنڈ نہ دیا جائے، پی ٹی آئی دور میں دوست ممالک کو ناراض کیا گیا۔ بجٹ پاس ہونے کے بعد دوست ممالک کے سربراہ پاکستان آئیں گے، تنخواہ دار طبقے کا مسئلہ بھی جلد حل ہوگا۔