ٹاپ سیڈ پاکستان کے حمزہ خان نے اسلام آباد میں ہونیوالی ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔ انڈر13 کا فائنل پاکستان کے سہیل عدنان نے جیتا جبکہ انڈر17 کے فائنل میں پاکستان کے عبداللّٰہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اسلام آباد میں 31ویں ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں انڈر19 کا فائنل ٹاپ سیڈ حمزہ خان اور سیڈ نمبر تین ملائیشیا کے حارث دانیال کے درمیان ہوا جس میں پاکستانی کھلاڑی نے باآسانی 35 منٹ میں کامیابی حاصل کرلی۔
حمزہ خان کی جیت کا اسکور 5-11، 10-12 اور 9-11 رہا۔
انڈر17 کے فائنل میں پاکستان کے عبداللّٰہ نواز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، اُنہیں ملائیشیا کے نکھلیسور نے 2-3 سے شکست دی۔
پاکستانی کھلاڑی کو ایک موقع پر 0-2 کی برتری حاصل تھی مگر ملائیشین کھلاڑی نے تیسرے گیم میں ٹائی بریکر سے شاندار کم بیک کرتے ہوئے مقابلہ اپنے نام کرلیا۔