• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی ودیگراضلاع میں اوورسیزپاکستانیوں کیلئےتھانے بنائے جائینگے

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)پنجاب حکومت راولپنڈی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں اوورسیزپاکستانیوں کے لئے پولیس سٹیشن بنائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمدشہبازشریف کے احکامات پرپنجاب کے مختلف اضلاع میں اوورسیز پولیس سٹیشن قائم کئے جارہے ہیں جہاں صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے  معاملات  بارے مقدمات درج کئے جائیں گے  اوریہ تھانے پنجاب کے ان اضلاع میں بنائے جائیں گے کہ جہاں کے رہنے والے زیادہ تعدادمیں بیرون ملک گئے ہوئے ہیں ابتدائی طورپراس سلسلے میں کرائے کی بلڈنگوں میں یہ پولیس سٹیشن قائم کرنے کی تجویز ہے بعدمیں ان کی اپنی عمارتیں بنائی جائیں گی۔اس حوالے سے  وزیراعلیٰ کے حکم پرایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو اس سلسلے میں سفارشات تیارکرے گی  اور25جولائی تک یہ سفارشات  وزیراعلیٰ کو پیش کی جائیں گی، منگل کو  ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل پولیس میٹرزاوورسیزپاکستانیزکمیشن پنجاب  کیپٹن (ر)سیداحمدمبین  کی زیرصدارت  اس کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا ۔اوورسیزپاکستانیزکے مسائل کے حوالے سے پنجاب حکومت نے پہلے ہی اوورسیزکمپلینٹ سیل قائم کررکھاہے ۔ ذرائع کے مطابق اوورسیزپاکستانیزکمیشن کو اس وقت 4ہزارکے قریب اوورسیزپاکستانیوں کی درخواستیں  موصول ہوچکی ہیں جن میں ان کے وراثتی مسائل ،زمینوں کے مسائل ،دیگرجھگڑے وغیرہ بارے شکایات شامل ہیں جن میں سے دوہزاردرخواستیں نمٹائی جاچکی ہیں ۔
تازہ ترین