• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کو ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کا حق نہیں: طاہر اشرفی

حافظ طاہر محمود اشرفی--- فائل فوٹو
حافظ طاہر محمود اشرفی--- فائل فوٹو

چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ امریکی کانگریس کی قرارداد قابلِ مذمت ہے، امریکا ہو یا کوئی اور کسی کو ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کا حق نہیں، امریکا کو فلسطین میں انسانیت کیوں نظر نہیں آ رہی؟

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ منافرت پھیلانا اور طاقت کے ذریعے اپنا نظریہ مسلط کرنا غیر شرعی ہے۔

0حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ علمائے کرام انتہا پسندی کو مسترد کرتے ہیں، انتہا پسندی کے خلاف قانون ہمیشہ حرکت میں آتا ہے، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں غیر مسلموں کو بھی برابر کے حقوق حاصل ہیں، پاکستان میں ہر کسی کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، محرم میں وحدت اور اتحاد کے پیغام کو عام کیا جائے۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی یک جہتی کی ضرورت ہے، ایس آئی ایف سی جو کام کر رہی ہے اس کی تائید کرتے ہیں، عزمِ استحکام آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد ہونا چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک سے انتہا پسندی اور شدت پسندانہ رویے کے خاتمے کیلئے متفقہ لائحہ عمل بنایا جائے۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ امریکی کانگریس نے قرارداد منظور کر کے پاکستانی مینڈیٹ کی توہین کی، قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں کشمیر اور فلسطین کا بھی ذکر تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا کہ فلسطین میں ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کیا گیا، امریکی قرارداد کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد کی مخالفت دکھ کی بات ہے، کم از کم فلسطین اور غزہ سے متعلق بات کی تائید کرنی چاہیے تھی۔

قومی خبریں سے مزید