• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیبر انتخابی مہم میں موصولہ عطیات نے کنزریٹوز فنڈز ریزنگ مہم کو مات دے دی

لندن (پی اے) انتخابی کمیشن کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ لیبر کی انتخابی مہم کو ملنے والے عطیات میں اضافہ جاری ہے جبکہ کنزرویٹوز اب بھی فنڈز اکٹھا کرنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ جمعے کو شائع ہونے والے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مہم کے تیسرے ہفتے میں لیبر نے 3.3ملین پونڈز اکٹھے کئے، جو کہ اسی عرصے میں کنزرویٹو کی طرف سے اکٹھے کئے گئے 375000 پونڈزسے بہت زیادہ ہے۔اپوزیشن کے خزانے میں ٹریڈ یونین یونیسن کی جانب سے 1.49ملین پونڈزکے عطیہ کے علاوہ وینچر کیپیٹلسٹ اسٹیورٹ روڈن کی جانب سے 500000پونڈز، ٹریڈ یونین اسدا کی جانب سے 300000پونڈز اور ڈینی لیوہڈ۔تھامپسن کی جانب سے 250000پونڈزکے عطیہ سے اضافہ ہوا۔مجسمہ ساز سر انٹونی گورملے نے بچوں کے لئے آرٹس کی تعلیم تک رسائی کو وسیع کرنے کے لیبر کے منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے پارٹی کی فنڈ ریزنگ کی کوششوں میں مدد کے لئے 500000پونڈز مالیت کا فن عطیہ کیا۔ مجموعی طور پر لیبر نے مہم کے پہلے تین ہفتوں کے دوران نجی عطیات میں 8.6ملین پونڈز اکٹھے کئے۔ اس کے برعکس کنزرویٹو اسی عرصے میں صرف 1.2ملین پونڈز اکٹھا کرنے میں کامیاب ہوئے، جو پارٹی نے 2019 کی مہم کے تیسرے ہفتے تک جمع کئے گئے 12.2ملین پونڈزکا بمشکل دسواں حصہ ہے۔ 2024کے انتخابات کے تیسرے ہفتے میں کنزرویٹو کو سب سے بڑا عطیہ جرسی ہاؤس (ڈیولپمنٹ) لمیٹڈ سے ملا جوکہ100000 پونڈز تھا، جو ٹیلی کمیونیکیشن کے کاروباری چارلس وگوڈر کی ملکیت والی کمپنی ہے۔ اسے نیشنل کنزرویٹو ڈراز سوسائٹی سے 100000پونڈزبھی ملے، جو کنزرویٹو پارٹی کے اراکین کے لئے ایک نجی لاٹری ہے۔ سابق امیگریشن وزیر رابرٹ جینرک، جو نیوآرک میں دوبارہ انتخاب کے لئے کھڑے ہیں، الیکٹورل کمیشن کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے، انہوں نے ٹوریز کو 18000 پونڈز عطیہ کئے۔ مہم کے دوسرے ہفتے میں 742000پونڈز اکٹھے کرنے کے بعد ریفارم یو کے کی فنڈ ریزنگ کی کوششیں پست ہو گئیں، پارٹی نے انتخابات کے تیسرے ہفتے میں صرف 99000 پونڈزاکٹھے کئے۔ ان عطیات میں سے سب سے بڑا 25000پونڈز ٹینگیرائن ہولڈنگ لمیٹڈ کی طرف سے تھا، یہ کمپنی ڈیوڈ ہیتھورنتھویٹ کی ملکیت ہے، جو لنکاشائر کے ایک تاجر اور اے ایف سی فائلڈ کے چیئرمین ہیں۔

یورپ سے سے مزید