پاکستانی اداکارہ اور بیوٹیشن زویا ناصر نے اپنے والد اور معروف فلمی مصنف ناصر ادیب کے اداکارہ ریما خان سے متعلق متنازع بیان پر وضاحت پیش کر دی۔
زویا ناصر حال ہی میں جیو پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے شوبز کیریئر، ذاتی زندگی اور والد کے حالیہ تنازع پر گفتگو کی۔
واضح رہے کہ ناصر ادیب نے کچھ عرصہ قبل ایک پوڈکاسٹ کے دوران ماضی کی لالی ووڈ شخصیات کا ذکر کرتے ہوئے اداکارہ ریما خان سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ ان کا تعلق لاہور کے ریڈ لائٹ ایریا سے تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ماضی میں متعدد اداکاراؤں کا اسی علاقے میں رہنا معمول کی بات تھی۔
ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا، جس کے بعد ناصر ادیب کو معذرت بھی کرنا پڑی تھی۔
اب زویا ناصر نے اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ والد کو اس پروگرام میں اسکرپٹ دیا جاتا تھا اور وہ عمر کے اس حصے میں ہیں جہاں سفارتی انداز میں گفتگو کرنے کی باریکیوں کو سمجھنا ان کے لیے مشکل ہے۔
زویا کے مطابق والد اس معاملے پر معذرت بھی کر چکے ہیں اور دونوں جانب سے یہ وضاحت کی جا چکی ہے کہ ریما خان کی توہین کرنا مقصد نہیں تھا۔