• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جینیفر لوپیز کا مستقبل میں نجی زندگی کو میڈیا سے دور رکھنے کا فیصلہ

امریکی گلوکارہ جینیفر لوپیز—فائل فوٹو
امریکی گلوکارہ جینیفر لوپیز—فائل فوٹو 

معروف امریکی گلوکارہ اور اداکارہ جینیفر لوپیز نے نجی زندگی کے بارے میں میڈیا پر بات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جینیفر لوپیز نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے سابق شوہر بین ایفلیک سے علیحدگی اور ماضی کے تعلقات کے تلخ تجربات پر اظہارِ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ میری آخری ازدواجی زندگی کا اختتام ہر لحاظ سے انتہائی مایوس کن تھا لیکن شادیوں کے ان تجربات نے مجھے اپنی ذات کو سمجھنے اور زندگی کے بارے میں نئے سرے سے سوچنے کا موقع دیا۔

امریکی گلوکارہ نے اعتراف کیا کہ میں ماضی میں ایک کے بعد دوسرا رومانوی تعلق قائم کرتی رہی اور ہر بار یہی امید رکھتی تھی کہ شاید اب مجھے وہ محبت مل جائے جس کی مجھے تلاش ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب میں سمجھ چکی ہوں کہ کسی دوسرے شخص سے محبت ملنے کی خواہش کرنے سے پہلے خود سے محبت کرنا اور اپنی ذات کو سمجھنا ضروری ہے۔

جینیفر لوپیز سے پوڈکاسٹ میں جب یہ پوچھا گیا کہ کیا آپ مستقبل میں دوبارہ محبت میں گرفتار ہونا چاہیں گی؟ تو انہوں نے مثبت جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں کسی نئے رشتے میں منسلک ہوئی تو اس بارے میں میڈیا پر بات نہیں کروں گی، کیونکہ اب میں اپنی زندگی کے اس پہلو کو نجی رکھنا چاہتی ہوں۔

امریکی گلوکارہ نے میڈیا کو مشہور شخصیات کے رشتوں کے لیے ’تباہ کن مشین‘ قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ جینیفر لوپیز نے پہلی شادی 1997ء میں اوجانی نووا سے کی تھی، جو 1998ء میں ختم ہو گئی، اس کے بعد انہوں نے کرس جڈ سے شادی کی، تاہم 2003ء میں دونوں کے راستے جدا ہو گئے۔

ان کی تیسری شادی گلوکار مارک انتھونی سے ہوئی، جن سے ان کے جڑواں بچے میکس اور ایمے ہیں، دونوں اب بچوں کی مشترکہ پرورش کر رہے ہیں۔

جینیفر لوپیز نے 2024ء میں بین ایفلیک سے شادی کی تھی، تاہم یہ شادی بھی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکی اور 2025ء میں ان کی طلاق ہو گئی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید