• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’مجھے اپنے فیصلوں پر کبھی پچھتاوا نہیں ہوا‘: آنکشا چمولا کے طلاق کے اعلان پر گورو کھنہ کا بیان

بھارتی اداکار گورَو کھنہ اہلیہ آکانکشا چمولا کے ہمراہ—فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
بھارتی اداکار گورَو کھنہ اہلیہ آکانکشا چمولا کے ہمراہ—فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارتی اداکار گورَو کھنہ نے اہلیہ آکانکشا چمولا سے علیحدگی کی خبروں کے بعد پہلی بار شادی اور رشتوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

اداکارہ آکانشکا چمولا نے حال ہی میں ریئیلٹی شو ’لاک اَپ 2‘ میں انکشاف کیا تھا کہ میں اور گورَو کھنہ طلاق لینے جا رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار گورو نے ابتداء میں اس معاملے پر خاموشی اختیار کیے رکھی تاہم اپنے نئے ڈرامے کی پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے اپنی شادی سے متعلق بات کی ہے۔

گورو کھنہ نے کہا ہے کہ میرے نزدیک شادی میں سب سے اہم چیز استحکام ہے، اگر رشتے کی بنیاد مضبوط ہو تو ازدواجی زندگی بھی مضبوط رہتی ہے، بعض لوگ شادی میں صرف جوش اور خوشی کو اہمیت دیتے ہیں جس سے استحکام متاثر ہو سکتا ہے، اس لیے دو شادی شدہ افراد کے درمیان توازن ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے زندگی میں کبھی اپنے فیصلوں پر پچھتاوا نہیں ہوا، میں ہر کام دل سے کرتا ہوں اور نتائج انسان کے اختیار میں نہیں ہوتے، پچھتاوے میں الجھے رہنے سے انسان آگے نہیں بڑھ سکتا۔

اداکار کا کہنا ہے کہ میری والدہ نے مجھے دوسروں کے نقطۂ نظر کو سمجھنے اور خود پر بھروسہ کرنے کی تربیت دی ہے، میرے خیال میں کسی پر اپنی رائے مسلط کرنے کے بجائے اس کی بات اور حالات کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

گورو کے مطابق وہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر ردِعمل ظاہر نہیں کرتے بلکہ یہ سوچتے ہیں کہ ممکن ہے دوسرا شخص کام کے دباؤ یا کسی طبی مسئلے سے پریشان ہو۔

ان کا کہنا ہے کہ زندگی میں کسی کو زبردستی کسی فیصلے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا اور بعض معاملات کو خدا کی مرضی سمجھ کر قبول کر لینا چاہیے۔

واضح رہے کہ گورو کھنہ اور آکانکشا چمولا کی شادی 24 نومبر 2016ء کو بھارتی شہر کانپور میں ہوئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آج کل اس جوڑے سے متعلق علیحدگی اور طلاق خبریں سرگرم ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید