وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ تاجکستان کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ تاجک صدر کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف نے 2، 3 جولائی کو تاجکستان کا سرکاری دورہ کیا، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی، ملاقاتوں میں کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تاجک پارلیمنٹ کے چیئرمین اور تاجک وزیراعظم نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، دونوں ممالک نے موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور تاجکستان کے صدر نے اسٹریٹجک پارٹنر شپ کے معاہدےپر دستخط کیے گئے، معاہدہ دونوں ممالک کےدرمیان باہمی اعتماد اور شراکت داری کا حقیقی عکاس ہے، دونوں رہنماؤں نے یو این، ایس سی او، او آئی سی، ای سی او سمیت کثیر الجہتی فورمز پر دوطرفہ تعاون کو سراہا، عالمی اور علاقائی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے کثیرالجہتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کےطور پر تاجکستان کی نامزدگی کی حمایت کی، شہباز شریف نے آبی سفارت کاری میں تاجکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا، واٹر کانفرنس سمیت بین الاقوامی تقریبات کے کامیاب انعقاد پر تاجکستان کو مبارک باد دی۔