اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان، ایران اور ترکیہ ٹرین آپریشن بحال کرنے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، ذرائع کے مطابق اس حوالے سے رواں سال ستمبر میں اعلی سطح کا ورکنگ گروپ کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے ۔ اجلاس میں ایک نکاتی ایجنڈا زیر بحث آئے گا، جو کہ اسلام آباد، تہران اور استنبول ٹرین بحالی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں ممالک کی تجارتی برادریوں کے مطالبے پر ٹرین چلائی جارہی ہے، اس ٹرین آپریشن سے ریلوے کو مالی خسارہ کم کرنے میں مدد ملے گی، یہ کنٹینرز ٹرین ترکی سے 6 ہزار 5 سو کلومیٹر کا سفر کرے گی۔ذرائع کے مطابق ٹرین ترکی سے 12 روز میں ایران پہنچا کرے گی، کنٹینرز کو ایران کی مال بردار بوگیوں سے پاکستانی ٹرین میں منتقل کیا جائے گا، جس کے بعد کسٹم کا عملہ ان کنٹینرز کی کسٹم کلیئرنس کرے گا، پھر اس آئی ٹی آئی کنٹینر ٹرین کو مختلف شہروں کی جانب بھجوا دیا جائے گا۔ آئی ٹی آئی ریلوے سروس ابتدائی طور پر 2012 میں آخر میں 2020 میں اقتصادی تعاون تنظیم ممالک کے درمیان چلائی گئی تھی۔