• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مبینہ دھاندلی کیس، جواب جمع نہ کرانے پر طارق فضل چوہدری و راجہ خرم نواز پر جرمانہ عائد

راجہ خرم نواز اور طارق فضل چوہدری—فائل فوٹوز
راجہ خرم نواز اور طارق فضل چوہدری—فائل فوٹوز

الیکشن ٹریبونل اسلام آباد نے اسلام آباد کے 3 حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے کیس میں جواب جمع نہ کرانے پر لیگی ایم این اے طارق فضل چوہدری اور راجہ خرم نواز پر جرمانہ عائد کر دیا۔

اسلام آباد کے 3 حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کے امیدواروں کی پٹیشنز پر الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کی سماعت کی۔

الیکشن ٹریبونل نے 3 دن میں فارم 45، 46 اور 47 سمیت مکمل جواب جمع کرانے کا حکم بھی دے دیا۔

ٹریبونل نے مسلم لیگ ن کے کامیاب تینوں ارکان سے دوبارہ بیانِ حلفی طلب کر لیے۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ جب ٹریبونل فنکشنل تھا، آپ نے آرڈر پر عمل درآمد کرنا تھا، تینوں پٹیشنز کی روزانہ سماعت ہو گی، ہر حلقے کی الگ الگ سماعت ہو گی۔

ن لیگی رکن انجم عقیل خان کے وکیل نے کہا کہ ہم نے مکمل جواب جمع کرا دیا ہے۔

اس سے قبل الیکشن ٹریبونل نے جیتے ہوئے ن لیگی ایم این ایز اور ریٹرننگ افسران سے جواب طلب کر رکھا تھا۔

ٹریبونل نے فارم 45، 46 اور 47 کا اصل ریکارڈ طلب کر رکھا تھا۔

سماعت کے موقع پر ہائی کورٹ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، خصوصی پاسز والوں ہی کو کمرۂ عدالت میں جانے کی اجازت تھی۔

قومی خبریں سے مزید