اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کے خلاف ریفرنس اور بدنیتی پر مبنی مہم پر فل کورٹ اجلاس آج شام 4 بجے طلب کر لیا۔
فل کورٹ اجلاس کی صدارت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کریں گے۔
اجلاس کے دوران جسٹس طارق محمود جہانگیری کے خلاف ریفرنس کی میڈیا اور سوشل میڈیا پر تشہیر کے معاملے پر غور ہو گا۔
واضح رہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔
کراچی کے شہری عرفان مظہر کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت دائر کی گئی شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری کی قانون کی ڈگری جعلی ہے اور جامعہ کراچی نے ان کی ڈگری کی توثیق نہیں کی ہے، ان کے رول نمبر میں بھی تضاد ہے، رول نمبر ریکارڈ کے مطابق امتیاز احمد کا تھا، یونیورسٹی کسی بھی طالب علم کو ایک ہی رجسٹریشن نمبر جاری کرتی ہے دو نہیں؟
جسٹس طارق محمود جہانگیری کے خلاف سوشل میڈیا پر بھی مہم چلائی جا رہی ہے۔