• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدلیہ کو اپنا کام کرنے دیا جائے: اسلام آباد بار و ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن

صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ریاست علی آزاد اور وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل علیم عباسی—فائل فوٹوز
صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ریاست علی آزاد اور وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل علیم عباسی—فائل فوٹوز

وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل علیم عباسی کا کہنا ہے کہ جب جب عدلیہ کی آزادی پر حرف آیا ہے ہم کھڑے رہے ہیں، عدلیہ کو اپنا کام کرنے دیا جائے، تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کرکام کرنا چاہیے، ہم ہمیشہ عدلیہ کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، اگر یہ معاملہ یہاں نہ رکا تو ہم اسلام آباد میں کانفرنس بلائیں گے۔

سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری کے خلاف ریفرنس دائر کرنے اور ان کے خلاف سوشل میڈیا مہم کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدے داروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل علیم عباسی نے کہا ہے کہ جج پہلے وکیل ہوتا ہے پھر جج بنتا ہے، ہمیں کسی سیاسی جماعت سے کوئی امید نہیں ہے، جیل بیٹھے ہوئے ہیرو بنے ہوئے ہیں، جب پارلیمنٹ پر قدغن لگی ہم نے آواز بلند کی، عدلیہ کو کام کرنے دیجیے، عدالتیں فیصلے کرتی ہیں، صحیح کرتی ہیں، غلط بھی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو عدالتی فیصلے پر اعتراض ہے تو متعلقہ فورم سےر جوع کرے، عدلیہ پارلیمنٹ کے معاملے میں مداخلت نہ کرے، 10 ہزار وکلاء کی منتخب باڈی یہاں موجود ہے، تمام اداروں کو اپنی حدود و قیود میں رہنا چاہیے، ملک میں عدلیہ کو اپنا کام کرنے دیا جائے، جب جج کی تعیناتی ہوتی ہے تو اس کی دستاویزات کی اسکروٹنی ہوتی ہے، ہمارے قائدین جو فیصلہ کریں گے ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

اسلام آباد بار کے عہدیدار ہارون رشید نے کہا کہ جسٹس طارق جہانگیری سے متعلق کہا گیا ہے کہ ان کی ڈگری جعلی ہے، جس کو جج بناتے ہیں اسے ایجنسیاں ویریفائی کرتی ہیں، ہمارا کام صرف آئین اور قانون دیکھنا ہے۔

صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ریاست علی آزاد نے کہا کہ ہم سیسہ پلائی دیوار کی طرح ججز کے ساتھ کھڑے رہیں گے، ہم آئین و قانون کی بات کرنے والے لوگ ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جن لوگوں نے ٹرولنگ کی اسلام آباد ہائی کورٹ ان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کرے،ملک میں آئین و قانون تبھی آگے چلے گا جب ادارے آئین و قانون میں رہ کر کام کریں گے۔

صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ریاست علی آزاد نے کہا کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ کام نہ رکا تو شاہراہِ دستور پر کالے کوٹوں کی فوج نظر آئے گی، ہم تمام اقدامات کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید