گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران زخمی ہونے والا پولیس اہلکار انتقال کر گیا۔ جاں بحق پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق حمید شاہ نامی اسلام آباد پولیس کا اہلکار گزشتہ روز ہونے والے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران 26 نمبر چونگی کے مقام پر مظاہرین کے تشدد سے شدید زخمی ہوا تھا۔
زخمی اہلکار کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا اور دورانِ علاج آج دم توڑ گیا۔
شہید عبدالحمید کی نماز جنازہ ڈی چوک میں ادا کی گئی جس میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی، گورنر کے پی، آئی جی اسلام آباد سمیت پولیس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
پولیس کے مطابق شہید عبدالحمید شاہ اسلام آباد پولیس میں 1988ء میں بھرتی ہوئے اور وہ ایبٹ آباد کے رہائشی تھے، عبدالحمید شاہ نے 3 ماہ بعد پولیس سے سروس مکمل کرکے ریٹائر ہونا تھا۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ دو روز سے پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان وقتاً وقتاً جھڑپیں بھی جاری رہیں۔
گزشتہ رات میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بتایا تھا کہ مظاہروں میں اسلام آباد پولیس کے 31 اہلکار، پنجاب پولیس کے 75 اہلکار زخمی ہیں جبکہ ایک پولیس اہلکار کی حالت تشویشناک ہے۔