امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ ایک سال گزر چکا مگر فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے، امت مسلمہ کا فرض بنتا ہے انبیاء کی سرزمین کی سربلندی کے لیے آواز بلند کریں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ دوپہر 3 بجے’الاقصی ملین مارچ‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اہلِ کراچی فیملیز کے ساتھ شرکت کر کے ثابت کریں کہ ہم اہلِ فلسطین کے ساتھ ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ حافظ نعیم الرحمٰن’الاقصی ملین مارچ‘ سے خطاب بھی کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ اسرائیل مغرب کی پشت پناہی سے ڈالرز بھی لے رہا ہے اور اسلحہ بھی لیکن پھر بھی اس سال اہلِ غزہ نے اپنی بھرپور مزاحمت سے وقت کے فرعون کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اسرائیل سے بھی جنگ بندی کی آواز اٹھ رہی ہے، لوگ کہہ رہے ہیں جنگ بند کرو اور مغویوں کو واپس لاؤ۔
منعم ظفر نے کہا کہ مغرب کا دہرا معیار واضح ہو رہا ہے، غزہ جنگ کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے، لبنان، شام اور یمن پر بمباری کی جا رہی ہے، حسن نصراللّٰہ کو بھی شہید کر دیا گیا۔