اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)سپریم کورٹ میں انتخابی عذرداری اپیل پر سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے سوال کیاہے کہ فارم 47کیا چیز ہے اور فارم 47کو قانون میں کیا کہتے ہیں؟ جسٹس عقیل عباسی نے استفسار کیا کہ اگر ریٹرننگ افسردوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردے توکیا ہوگا ، ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف دادرسی کا فورم کونسا ہوگا؟پیرکوسپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے (ن)لیگی رہنما اظہر قیوم نارا کی این اے 81انتخابی عذرداری سے متعلق اپیل پر سماعت کی۔ دوران سماعت وکیل احسن بھون نے کہاکہ دوبارہ گنتی میں میرے موکل کامیاب قرار پائے جس پر جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ ریٹرننگ افسرنے دوبارہ گنتی کی درخواست پر آرڈر نہیں کیا، ریٹرننگ افسر دوبارہ گنتی کا قانون کے مطابق پابند تھا،آپ کی درخواست پر دوبارہ گنتی ریٹرننگ افسر کو کرنی چاہیے تھی۔اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان سوال کیا فارم 47کیا چیز ہے اور فارم 47کو قانون میں کیا کہتے ہیں؟ جس پر احسن بھون نے بتایا کہ فارم 47ابتدائی نتیجہ ہوتاہے، حتمی نتیجہ فارم 48پر جاری ہوتا ہے جبکہ فارم 47کو قانون میں عارضی نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔