وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے اتوار بازار میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے رابطہ کر کے آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں کی تعداد بڑھائی جائے، اضافی وسائل لگا کر آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
محسن نقوی کی ہدایت پر چیئرمین سی ڈی اے موقع پر بھی پہنچے، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی بھی موقع پر موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ آگ لگنے کے 10 منٹ میں انتظامیہ پہنچ چکی تھی، 31 فائر بریگیڈز نے آگ بھجانے میں حصہ لیا، ڈھائی سو سے زائد ریسکیو کا عملہ یہاں موجود ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ جس جس کا نقصان ہوا ہے وزیر داخلہ کی ہدایت پر اس کا مداوا کیا جائے گا، پتا چلا ہے کہ پہلے بھی آگ لگنے کے واقعات ہوتے رہے ہیں، ڈی سی کی سربراہی میں کمیٹی بنائی ہے جو سات دن میں تحقیقات مکمل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی آگ لگنے کی وجہ معلوم کرے گی، یہاں بجلی کا کنکشن نہ ہونے پر جنہوں نے سولر بیٹریاں لگائیں اس کےخلاف بھی کارروائی ہوگی، یہ نہیں ہوسکتا کہ ہر سال آگ لگے اور سب بھول جائیں، آگ لگنے سے 500 سے 700 دکانوں کو نقصان ہوا۔
چیئرمین سی ڈی اے کا کہنا تھا کہ جن غریبوں کا نقصان ہوا ان کا مداوا کیا جائے گا، اب کی تحقیقات کو پبلک کیا جائے گا، ایچ نائن بازار میں لگی آگ پر 100 فیصد قابو پایا جاچکا ہے، ماضی میں جس افسر نے غلطی کی اس کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔