• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور: سیکیورٹی فورسز و پولیس کا آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک، مادر وطن کے 4 بہادر بیٹے شہید


پشاور کے علاقے حسن خیل میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔ دہشتگردوں سے مقابلے میں مادر وطن کے 4 بہادر بیٹے شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں صوابی کا 24 سالہ سپاہی محمد ادریس، کوہاٹ کا 34 سالہ سپاہی بادام گل، سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر تاج میر شاہ اور اے ایس آئی محمد اکرم شامل ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، حکومت نے اس کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا اور 26 مئی کو کیپٹن حسین جہانگیر شہید اور حوالدار شفیق اللّٰہ شہید کی شہادت کا بھی ذمہ دار تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز امن یقینی بنانے کےلیے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہیں، بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید