لال شہباز قلندر کےمزار سے نذرانے کےکروڑوں روپے کے زیورات چوری کیس میں پیشرفت سامنے آئی ہے۔ زیورات کی چوری کےالزام میں منیجر اوقاف زبیر بلوچ سمیت 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ زیورات کو تبدیل کرکے مصنوعی زیورات خزانے میں جمع کروائے گئے تھے، مجموعی طور پر ڈیڑھ کلو سونے، 40 کلو سے زائد چاندی کے زیور چوری کیے گئے۔ 3 کروڑ 19 لاکھ کا سونا، 1 کروڑ 13 لاکھ روپے کی چاندی چوری کی گئی۔
7 ماہ قبل 57 تولہ سونا، 3 ہزار 133 تولہ چاندی کے زیورات چوری ہوئے تھے، 66 تولہ مصنوعی سونا، 137 تولہ چاندی لاکر میں جمع کروائے گئے، 2012 میں بینک کے لاکرز میں141 تولہ سونے کے زیورات رکھوائے گئے تھے، زیورات کی تصدیق مقامی سنار دھنی بخش سے کروائی جاتی تھی، تفتیش کے بعد سنار دھنی بخش کو جیل بھیج دیا گیا۔
انویسٹی گیشن آفیسر محکمہ اینٹی کرپشن ذیشان حیدر کا کہنا ہے کہ سونے اور چاندی کے زیورات کی اب تک ریکوری نہیں ہو سکی۔