پشاور کے علاقے حسن خیل میں گزشتہ روز جامِ شہادت نوش کرنے والے سپاہیوں کی نمازِ جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپاہی بادام گل شہیداور محمد ادریس شہید کی نمازِ جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کی گئی۔
شہداء کی نمازِ جنازہ میں کور کمانڈر پشاور اور سول و عسکری حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیے گئے جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے علاقے حسن خیل میں فورسز کے ساتھ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم سمیت 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 جوان شہید ہو گئے تھے۔
شہید ہونے والوں میں صوابی کا 24 سالہ سپاہی محمد ادریس، کوہاٹ کا 34 سالہ سپاہی بادام گل، سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر تاج میر شاہ، اے ایس آئی محمد اکرم شامل ہیں۔
پشاور کے علاقے حسن خیل میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کیا گیا تھا۔
حکومت نے دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔
دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللّٰہ پر رواں برس 26 مئی کو حملے میں ملوث تھا۔
مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔