کراچی کے علاقے قائد آباد میں 4 روز قبل ہونے والا پولیس مقابلہ مشکوک ہوگیا ہے۔
مجید کالونی میں ہوئے مبینہ پولیس مقابلے سے پہلے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی ہے، ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کو ملزم عاطف کو موٹر سائیکل پر لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری ویڈیو میں پولیس اہلکار کو ملزم عاطف پر گولیاں چلاتے دیکھا جا سکتا ہے، گولی لگنے کے بعد عاطف پولیس اہلکاروں کو فائرنگ روکنے کا کہتا ہے۔
عاطف کے اہلخانہ اور رشتے داروں نے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ملیر کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی انکوائری جاری ہے، ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی، واقعہ کے روز ہی 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا تھا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ملیر کاشف عباسی کا کہنا ہے کہ مبینہ پولیس مقابلے میں عاطف پر گولیاں چلانے والے اہل کار کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار اہل کار کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، ، مقتول عاطف خان کے ورثاء پولیس کارروائی سے مطمئن ہیں۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ مقابلے کی ویڈیو وائرل ہونے سے پہلے کارروائی کا آغاز کر دیا تھا، پہلے ہی 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کیا جا چکا ہے۔