نواسہ رسول حضرت امامِ حسین رضی اللّٰہ عنہ کی لازوال قربانی کی یاد میں کینیڈا کے شہر ٹورینٹو میں یومِ عاشور کا جلوس برآمد ہوا۔
روایتی جلوس اونٹاریو پارلیمنٹ کوئینز پارک کے احاطے سے شروع ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا سٹی ہال پر اختتام پزیر ہوا۔
کوئنز پارک کے احاطے میں مولانا حسین شیرازی نے مرکزی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغامِ حسینؓ ایک مسلک، ایک مذہب یا ایک طبقے کے لیے نہیں بلکہ پوری دُنیا کے لیے ہے۔
جلوس کے راستوں میں نوحہ خواں حضرات اور عزادارنِ مظلوم، امامِ عالی مقام سیدنا حسینؓ کی لازوال قربانیوں کو اپنے اپنے انداز میں خراجِ عقیدت پیش کرتے رہے۔
جلوس میں بچوں اور خواتین کی بھی کثیر تعداد شامل تھی جبکہ رضاکاروں نے شرکاء کے لیے دودھ، شربت اور لنگر کا اہتمام کیا۔
مزید برآں مونٹریال، کیگری، وینکوور، ملٹن، مسی ساگا، اسکاربورو، مارکھم، کیمبرج اور نیاگرا فالز سمیت کینیڈا کے مختلف شہروں میں روزانہ مجالسِ عزا برپا کی جا رہی ہیں۔