• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹراسبرگ: نو منتخب یورپین پارلیمنٹ کا پہلا اجلاس آج ہو گا

--- جنگ فوٹو
--- جنگ فوٹو

2024ء کے نئے الیکشن کے بعد نو منتخب یورپی پارلیمنٹ کا پہلا پارلیمانی اجلاس آج سے اسٹراسبرگ میں شروع ہو رہا ہے۔

اس اجلاس میں نو منتخب ممبران پارلیمنٹ کے نئے صدر، نائب صدور اور یورپین کمیشن کی صدارت کے امیدواروں کی توثیق کریں گے۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق آئینی تشکیل کے بعد پارلیمنٹ کا پہلا کام اگلے ڈھائی سال (نصف مقننہ) کے لیے اپنے صدر کا انتخاب کرنا ہے، جس کے لیے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شیڈول اور خفیہ کاغذی بیلٹ کے ذریعے انتخابات منعقد ہوں گے جس کی نگرانی کے لیے 8 رکنِ یورپین پارلیمنٹ (ایم ای پی) کا انتخاب کیا جائے گا۔

صدر منتخب ہونے کے لیے امیدوار کو 720 ممبران کے ایوان میں سے ڈالے گئے درست ووٹوں کی اکثریت یعنی 50 فیصد جمع 1 ووٹ جیتنا ضروری ہے۔

صدر کے انتخاب کے بعد ایم ای پی پارلیمنٹ کے بیورو کے بقیہ اراکین کا انتخاب کریں گے، جس میں 14 نائب صدور اور 5 کیوائیسٹورس (Quaestors) شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ہی پارلیمنٹ بدھ کو اپنی قائمہ کمیٹیوں اور ذیلی کمیٹیوں کے ساتھ ساتھ اس کے بین الپارلیمانی وفد کی تشکیل پر ووٹ ڈالے گی۔

کمیٹی کی نامزدگیوں کا فیصلہ سیاسی گروپس کریں گے اور جمعے تک وہ اس کا مکمل طور پر اعلان کر دیں گے۔ 

یہی کمیٹیاں اگلے ہفتے اپنے چیئرز اور وائس چیئرز کے انتخاب کے لیے اپنی میٹنگز طلب کریں گی۔

علاوہ ازیں جمعرات کے روز نئی پارلیمنٹ یہ فیصلہ بھی کرے گی کہ آیا یورپی کمیشن کی صدارت کے لیے اس کی سابق صدر ارسلا واندرلین کی توثیق کی جائے یا نہیں۔

اس سے قبل وہ پارلیمنٹ کے مکمل اجلاس سے خطاب کریں گی اور اگلے 5 سال کے لیے اپنے وژن اور منصوبوں کا خاکہ پیش کریں گی، جس کے بعد ایم ای پی اس پر بحث کریں گے۔

بحث کے بعد خفیہ کاغذی بیلٹ کے ذریعے ووٹنگ ہو گی، منتخب ہونے کے لیے، انہیں پارلیمنٹ کے کل ارکان کی مطلق اکثریت (50 فیصد جمع 1 یعنی 361 ارکان) کی ضرورت ہے۔

اسی اجلاس کے دوران بدھ کی صبح پارلیمنٹ میں موجود سیاسی گروپوں کے رہنما یوکرین کے لیے یورپی یونین کی مسلسل حمایت کی ضرورت پر بیانات دیں گے، جس کے بعد اس حوالے سے پیش کی جانے والی ایک قرارداد پر ووٹنگ ہو گی۔

خاص رپورٹ سے مزید