وزیراعظم شہباز شریف نے عمان کی مسجد میں فائرنگ کے واقعے میں 4 پاکستانیوں کو جاں بحق کیے جانے کی مذمت کی ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں وزیراعظم نے مسجد میں فائرنگ سے پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی۔
شہباز شریف نے عمان میں موجود پاکستانی سفارتی حکام کو جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور زخمیوں کی معاونت کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمان میں پاکستانی سفیر اور سفارتی عملہ زخمی پاکستانیوں کی مدد کر رہا ہے، جنہیں ہر قسم کی معاونت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سفارتخانہ جاں بحق افراد کے جسد خاکی پاکستان پہنچانے کےلیے اقدامات کرے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہدایات کے بعد عمان میں پاکستانی سفیر اسپتالوں کا دورہ کررہے ہیں،پاکستانی حکومت اور عوام کی ہمدردیاں واقعے میں جاں بحق اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔