• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نپیئر روڈ پر واقع گھر میں لگنے والی آگ سے تیسرا بچہ بھی انتقال کرگیا

لندن (نمائندہ جنگ) مشرقی لندن کے علاقے ایسٹ ہیم میں نپیئر روڈ پر واقع گھر میں لگنے والی آگ سے تیسرا بچہ بھی انتقال کرگیا۔ ہفتہ کی صبح ساڑھے آٹھ بجے لگنے والی آگ کے سبب ایک بچہ کو موقع پر ہی مردہ قرار دیا گیا تھا جب کہ گھر میں مجموعی طور پر اس وقت چھ افرا تھے، جن میں سے دو بدستور ہسپتال میں زیر علاج ہیں جب کہ ایک کو ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔ نیوہیم کی میئر رخسانہ فیاض نے کہا ہے کہ تیسرے بچے کے انتقال سے بھی کمیونٹی شدید صدمہ سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خاندان کے ساتھ جو سانحہ پیش آیا ہے اسے بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیوہیم میں رہنے والے تمام افراد کی جانب سے متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کے حکام نے انتقال کرجانے والے بچوں کو اسکول جاکر مدد کی پیشکش کی ہے اور وہ لندن فائر بریگیڈ کے ساتھ بھی کام کررہے ہیں۔ ہفتہ کو لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے6فائر انجن اور40فائر فائٹرز پہنچے تھے۔ آگ سے ٹیرس ہائوس کے گرائونڈ اور نصف فرسٹ فلور کو نقصان پہنچا تھا۔ ڈیٹیکٹو چیف انسپکٹر جوناتھن برکس نے کہا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہ کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال آگ لگنے کے واقعہ کو مشتبہ قرار نہیں دیا جارہا ہے۔
یورپ سے سے مزید