• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس، پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کا آخری موقع

ماضی میں جناح ہاؤس پر جلاؤ گھیراؤ کی تصویر
ماضی میں جناح ہاؤس پر جلاؤ گھیراؤ کی تصویر 

جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کا آخری موقع دے دیا۔

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور عمر ایوب سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی تو عدالت کے جج نے کہا کہ پولیس کے پاس جو بھی تفتیش ہے وہ آئندہ سماعت پر مکمل کر کے پیش کرے۔

آج پولیس نے جناح ہاؤس کیس کا نامکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا تھا۔ بعدازاں انسداد دہشت گردی عدالت نے تمام افراد کی عبوری ضمانتوں میں 6 اگست تک توسیع کردی اور حکم دیا کہ جو ملزمان شامل تفتیش نہیں ہوئے وہ شامل تفتیش ہوں۔

عدالت میں پولیس انسپکٹر کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال کے باعث ملزمان سے تفتیش نہیں ہوسکی، عدالت ہمیں ملزمان سے تفتیش مکمل کرنے کی مہلت فراہم کرے۔

جج خالد ارشد نے کہا کہ پولیس کو کتنا وقت درکار ہے؟ امن و امان کا معاملہ تو دو دن پہلے تھا۔

پولیس انسپکٹر نے جواب دیا کہ یکم محرم سےدس محرم تک امن و امان کی ڈیوٹی کرتے ہیں۔

جج کا کہنا تھا کہ 13 ماہ سے عبوری ضمانتیں چل رہی ہیں، کتنی مہلت چاہیے؟

عدالت میں آج عمر ایوب، مسرت چیمہ، جمیشد چیمہ اور زین قریشی سمیت دیگر نے حاضری مکمل کروائی تھی۔

قومی خبریں سے مزید