• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اننت اور رادھیکا کو شادی پر ملنے والے غیر معمولی تحائف کی فہرست سامنے آ گئی

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

بھارت اس وقت دنیا بھر میں خبروں کی زینت بنا ہوا ہے جس کی وجہ حال ہی میں ممبئی میں ہونے والی شاندار و پرتعیش ترین شادی ہے۔

جی ہاں! امبانی خاندان نے بڑی مہارت سے پیسہ پھینک کر دنیا بھر کو شادی کے تماشے میں مشغول کر رکھا ہے۔

اس شادی میں ناصرف ایشیائی بلکہ امریکی و یورپین معروف و امیر ترین شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔

شادی میں امبانی خاندان کے قریبی رشتہ دار تو خاص نظر نہیں آئے مگر دنیا بھر کی مشہور اور مہنگی ترین شخصیات اس شادی میں آنے والے مہمانوں کو کھانا پیش کرتی دکھائی دیں۔

امبانی و مرچنٹ خاندان کے چشم و چراغ، اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ شادی کے بندھن میں گزشتہ ہفتے ہی بندھ گئے تھے مگر تاحال اس جوڑے کی شادی ہی ہائیپ سوشل میڈیا و بھارتی میڈیا پر دیکھی جا سکتی ہے۔

اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی شاندار تقریب ’منگل اتسو‘ کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی تھی اور اس شادی کی استقبالیہ تقریب میں 14,000 افراد نے شرکت کی تھی۔

حال ہی میں بھارتی ویب سائٹ ’ڈیکین ہیرالڈ‘ نے اس نوبیاہتا جوڑے کو خاندان کے افراد کی جانب سے ملنے والے غیر معمولی قیمت کے حامل تحائف پر مبنی فہرسات جاری کی ہے۔

’ڈیکین ہیرالڈ‘ کے مطابق اننت کے والدین مکیش اور نیتا امبانی نے نوبیاہتا جوڑے کو پام جمیرہ میں ایک شاندار حویلی تحفے میں دی ہے، یہ پرتعیش رہائش ایک وسیع و عریض 3,000 مربع فٹ پر مشتمل ہے اور اس میں تقریباً 10 بیڈروم اور ایک نجی ساحل کا حصہ بھی موجود ہے۔

اس وِلا کی قیمت 640 کروڑ روپے یعنی کہ ($80 ملین) ہے۔

اننت امبانی کو اپنے والدین سے بطور تحفہ ایک شاندار بینٹلی کانٹی نینٹل جی ٹی سی اسپیڈ بھی ملی ہے جس کی قیمت تقریباً 5.42 کروڑ روپے ہے۔

دریں اثنا، نئی بہو، رادھیکا نے اپنی مرضی کے مطابق زیورات حاصل کیے ہیں جن میں قیمتی کرٹئیر بروچ بھی شامل ہے جس کی قیمت تقریباً 21.7 کروڑ روپے ہے۔

نیتا امبانی نے اپنی نئی نویلی بہو رادھیکا کو موتی اور ہیرے کا ایک چوکر بھی دیا جس کی مالیت کا اندازہ 108 کروڑ روپے لگایا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس شادی میں آنے والے ہائی پروفائل مہمانوں نے روایت کے طور پر اس نوبیاہتا جوڑی کو مہنگے ترین تحائف دیے ہیں جن میں مجسمے اور پینٹنگز بھی شامل ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید