پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ بنوں واقعے کو بنیاد بنا کر پی ٹی آئی پر پابندی کا جواز پیدا کیا جا رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ بار کونسل کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پنجاب سے 4، 5 ایم این ایز کو اداروں کی جانب سے وفاداری تبدیل کرنے کا کہا جا رہا ہے، ان کو وزارت اور پیسوں کا لالچ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت سیاستدان مجھ سے بھی غلطیاں اور غلط فیصلے ہوئے ہوں گے، اگر میں نے غلطیاں کی ہیں تو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔
اسد قیصر کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں جب ہم بات کرتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ دوسری طرف لاشیں ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے جو حالات ہیں اس کے بعد اداروں، آئین و قانون پر اعتماد ختم ہو چکا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ مجھے تو ڈر لگ رہا ہے خدانحواستہ ہم خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہے ہیں، ہم کسی صورت اپنے صوبے میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے۔