• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کملا ہیرس اور انکے حامیوں کے ڈیموکریٹ قائدین سے رابطے تیز

نیویارک (عظیم ایم میاں) صدارتی انتخاب سے دستبرداری کے اعلان کے ساتھ صدر بائیڈن نے اپنی جگہ کملا ہیرس کو ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کیلئے کملا ہیرس کے نام کی حمایت کرتے ہوئے پارٹی سے اپیل کی تھی اس کے باعث کملا ہیرس کی صدارتی امیدواری کو استحکام ملا اور فی الحال پارٹی کا کوئی اور امیدوار سامنے نہیں آیا جبکہ کملا ہیرس اور ان کے حامیوں نے امریکی کانگریس میں موجود ڈیموکریٹ اراکین، ریاستی اسمبلیوں اور ڈیموکریٹ ریاستی گورنروں اور دیگر قائدین سے رابطوں کا کام تیز کردیا ہے۔ صدر بائیڈن کے حمایتی بیان کے باوجود کملا ہیرس کا کہنا ہے کہ وہ اپنی پارٹی سے اپنی نامزدگی حاصل کرنے کی خواہش مند ہیں۔ سابق صدور بل کلنٹن اور بارک اوباما کی جانب سے کملا ہیرس کی حمایت کے بعد کملا ہیرس اپنی پارٹی میں صدارتی نامزدگی کیلئے مضبوط امیدوار بن گئی ہیں تاہم ابھی پارٹی میں دیگر خواہش مندوں پر خاموشی طاری ہے۔ گو کہ ڈونالڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ سے چند دن قبل کے عوامی پول کے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ 48؍ فیصد اور بائیڈن 46؍ فیصد یعنی صرف دو فیصد کے فرق سے ٹرمپ آگے تھے لیکن صدر بائیڈن کی صحت اور یادداشت کے حوالے سے ہونے والے واقعات اور ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ سے صورتحال اور عوامی مقبولیت کے گراف میں ٹرمپ کے حق میں تبدیلی آئی ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے وہ کملا ہیرس کو صدارتی انتخابات میں باآسانی شکست دیدیں گے۔

اہم خبریں سے مزید