اسلام آباد (نیوز ایجنسیز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو اربن فلڈنگ کی روک تھام کا جامع منصوبہ بنانے کی ہدایت کردی اور زیر زمین پانی کے قابل استعمال اور سیوریج واٹر سمندر میں جانے سے پہلے ٹریٹمنٹ کے منصوبوں پر گفتگو کی۔ تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری سے میئر کراچی مرتضی وہاب نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ ترجمان میئر کراچی کے مطابق ملاقات میں صدر پاکستان نے میئر سے کراچی کے معاملات پر بریفنگ لی۔ ترجمان کے مطابق میئر کراچی نے ترقیاتی کاموں اور پانی کے منصوبوں سمیت بلدیاتی امور پر صدر کو بریفنگ دی اور بارشوں اور اس سے متعلق اقدامات پر آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے کراچی کو اربن فلڈنگ سے بچانے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔