وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ علیم خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے خسارے والے اداروں کی نجکاری کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ علیم خان سے فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی معاشی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر علیم خان نے کہا کہ سرمایہ کاری اور معاشی لحاظ سے یورپی ممالک انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، پرائیوٹائز ہونے والے سارے اداروں میں منافع کمانے اور بہتر کام کرنے کی صلاحیت ہے۔
علیم خان کا کہنا تھا کہ کراچی سے سکھر موٹر وے اولین ترجیح ہے تاکہ پشاور تک روڈ نیٹ ورک مکمل ہوسکے، تجارت کے فروغ کے لیے چین اور وسط ایشیائی ممالک تک روڈ نیٹ ورک مکمل کریں گے۔
ملاقات میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، دفاعی پیداوار اور آئی ٹی میں بھی فرانس کی مہارت سےفائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے مابین دو طرفہ تجارت میں اضافے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی بات چیت کی گئی۔