• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سچل غازی گوٹھ، فائرنگ سے موٹرسائیکل رائیڈر جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سچل غازی گوٹھ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے بائیکیا رائیڈر جاں بحق اور پمپ ملازم زخمی ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق سچل کے علاقے سچل غازی گوٹھ میں واقع پیٹرول پمپ پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ۔لاش اور زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مقتول کی شناخت 35 سالہ ذیشان ولد اللہ وسایا اور زخمی کی شناخت عمیر کے نام سے ہوئی ۔پولیس نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار دو ملزمان پمپ پر آئے اور پیٹرول ڈلوا رہے تھے کہ اس دوران پمپ کی کسی چیز سے چھیڑ چھاڑ کررہے تھے پمپ پر موجود ملازم نے منع کیا جس پر ملازم اور موٹر سائیکل سوار ملزمان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ وہاں موجود افراد نے ان کے درمیان صلح کروادی، ملزمان موٹرسائیکل میں پیٹرول ڈلوانے کے بعد پمپ سے باہر نکلے اور اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے ایک گولی ذیشان کو کمر میں لگی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک گولی پمپ کے ملازم عمیر کو لگی۔ مقتول بائیکیا رائیڈر تھا جو پیٹرول پمپ پر پیٹرول ڈلوانے کے لئے آیا تھا ،مقتول ذیشان سچل گوٹھ کا رہائشی تھا۔ پولیس کے مطابق پمپ پر موجود سی سی ٹی فوٹیجز حاصل کرلی گئی ہے جس کے ذریعے ملزمان کی تلاش کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائیگا، واقعہ سے متعلق تفتیش کا عمل جاری ہے ۔

ملک بھر سے سے مزید