• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری‘ 15سے زائد مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)اشیاء خوردونوش میں ملاوٹ اور ناقص خوراک کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں اتھارٹی حکام نے قوانین کی خلاف ورزی پر 15 سے زائد کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائد جبکہ ملاوٹی دودھ اور زائد المیعاد مصنوعات کی بڑی مقدار تلف کردی۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق سبزل روڈ کوئٹہ میں 2 ملک سپلائر سے ملاوٹی دودھ کی بڑی مقدار پکڑی گئی ، قبل ازیں مل سپلائرز سے سیمپلز لے کر موقع پر چیک کئے گئے تو دودھ میں خشک پاؤڈر کی ملاوٹ کا انکشاف ہوا جس پر دونوں دودھ فروشوں پر جرمانے عائد کرتے ہوئے ملاوٹی دودھ کی بڑی مقدار تلف کردی گئی۔خاران کے مختلف مضافات میں اتھارٹی کی زونل انسپکشن ٹیم نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 9 مراکز مالکان کو جرمانہ کیا جن میں 3جنرل اسٹورز سے ایکسپائرڈ کھانے پینے کی اشیاء برآمد ہوئیں جبکہ ایک بیکری،ایک برف کارخانہ، 2ملک شاپس، ایک واٹر پلانٹ اور ایک ہوٹل کے خلاف مجموعی طور پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایکشن لیا گیا۔مزید برآں سبی میں انسپکشن کرتے ہوئے اتھارٹی حکام نے 2جنرل اسٹورز مالکان کو پابندی عائد اور ایکسپائرڈ مصنوعات رکھنے پر جرمانہ کیا۔ دکانداروں کو صحت بخش اور تازہ خوردنی اشیاء کی فروخت اور اس ضمن میں اتھارٹی کی وضع کردہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی تنبیہ کی گئی۔
کوئٹہ سے مزید