• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر قانونی بھرتی کیس، وزیر اور 5 ممبران اسمبلی کی ضمانت درخواستیں نمٹا دی گئیں

پشاور (نیوز رپورٹر )سپیشل جج اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا صلاح الدین نے محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے نام خانہ دو میں ڈالنے کے بعد غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں نامزد صوبائی وزیر فضل شکور خان سمیت چارسدہ کے پانچ ممبران اسمبلی کی عبوری ضمانت درخواستیں نمٹا دی جبکہ مقدمے میں نامزد محکمہ ایجوکیشن کے ملازمین اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت کی توثیق کردی ہے ۔ گزشتہ روز جب عدالت نے درخواست گزاروں صوبائی وزیر فضل شکور اور چارسدہ سے منتخب دیگر ارکان اسمبلی خالد خان ، محمد عارف ، انور تاج اور فضل محمد کی عبوری ضمانت درخواست پر سماعت شروع کی تو اس دوران اینٹی کرپشن کے وکیل اور درخواست گزاروں کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔ اینٹی کرپشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے درخواست گزاروں کے نام خانہ دو میں ڈال دیے ہیں ۔ خانہ دو میں نام ڈالنے کے بعد اینٹی کرپشن محکمہ درخواست گزاروں کے خلاف مزید قانونی کاروائی نہیں چاہتی دوسری جانب ممبران اسمبلی نےخانہ دو میں نام ڈالنے کے بعد اپنی عبوری ضمانت درخواستیں واپس لے لی تو عدالت نے تمام درخواستیں نمٹا دیے ۔ مذکورہ مقدمے میں نامزد محکمہ تعلیم چارسدہ کی خاتون ڈی ای او سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت درخواستوں پر بحث ہوئی عدالت نے ںحث مکمل ہونے کے بعد تمام ملزمان کی عبوری ضمانت کنفرم کردی۔
پشاور سے مزید