پشاور( کرائم رپورٹر) پشاور میں جواں سال انجینئر اور قطر پلٹ نوجوان سمیت چار افراد کو قتل اور دو کو زخمی کردیا گیا ۔ملک زادہ ولد نورزادہ سکنہ متنی ادیزئی نے تھانہ متنی پولیس کو بتایا کہ اس کا 23سالہ بیٹا کاشف جس نے حال ہی میں انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی تھی گزشتہ شب اپنے دوست ہارون جو تین روز قبل قطر سے واپس آیا تھا کے ہمراہ اپنی موٹرسائیکل پر گھر سے نکلے شام تک انہوں نے کرکٹ کھیلی اسکے بعد کہیں چلے گئے رات کو انہوں نے کاشف کا فون ملایا تو اس کا موبائل بند تھا رات گئے انہیں اطلاع ملی کہ کاشف اور ہارون کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور ان کی نعشیں گھر سے ایک کلو میٹر کے فاصلے پر پڑی ہیں پولیس نے مدعی کی رپورٹ پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور اندھے قتل کی تفتیش شروع کردی۔ ادھر تھانہ انقلاب کی حدود سوڑیزئی میں معمولی تکرار پر دکاندار امیر نواز ولد اختر گل کو دکان کے اندر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا پولیس نے مقتول کے بھائی شاہ نواز کی رپورٹ پر وقار اور فاروق پسران محمد شیر سکنہ سوڑیزئی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا جبکہ اورنگزیب ولد محمد یوسف سکنہ بیلہ برآمد خیل نے دائود زئی پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے چودہ سالہ بیٹے عباس کے ہمراہ گھر جارہاتھا کہ راستے میں جائیداد کے تنازعہ پر حسین ولد خواجہ محمد نے مہربان شاہ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کا بیٹا عباس گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا پولیس نے ملزم حسین ولد خواجہ محمد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ۔تھانہ شرقی کی حدود میں سنٹرل جیل کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے بلور پلازہ سے پجگی روڈ جانے والے دوسری موٹرسائیکل پر سوار محمد عرفان اور نگار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہو گئے پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔