پشاور (خصوصی نامہ نگار)بلڈنگ انرجی ریسرچ سنٹر (بی ای آر سی)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور نے نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (نیکا) کے تعاون سے انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈ (ECBC-2023) کے حوالے سے ʼʼپاکستان میں تعمیراتی شعبے میں تبدیلی، صاف، سبز اور پائیدار عمارتوں کی طرف ایک راستہʼʼ منصوبے کے تحت تقریب کا انعقاد کیا، اس منصوبے کو جرمنی کی وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون اور ترقی کی مالی معاونت حاصل ہے جس میں جی آئی زیڈ معاون پارٹنر جبکہ نیکا بطور لیڈ ایجنسی کا کردارادا کررہا ہے۔ تقریب میںECBC-2023کے نفاذ کے لئے نیکا اسلام آباد کے ذریعہ تیارکردہ دستاویز کی رونمائی ہوئی، یہ دستاویز ECBC-2023کے نفاذ ، اسکی کلیدی حصوں کی واضح وضاحت اور اس کی دفعات کو لاگو کرنے کے بارے میں عملی رہنمائی فراہم کرتا ہے جو پاکستان میں تعمیراتی شعبے میں توانائی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ بلڈنگ انرجی کنزرویشن کوڈ کو لاگو کرنے کا مقصد دیواروں، کھڑکیوں اور چھتوں کو اسطرح ڈیزائن کرنا ہے جس توانائی کے پھیلاؤ کے بغیر اندرونی درجہ حرارت کو آرام دہ رکھا جائے گا۔ کوڈ رہائشی شعبے کے بڑھتے ہوئے بلوں کو کم کرنے میں بھی مدد کرے گا۔ منیجنگ ڈائریکٹر نیکا ڈاکٹر سردار معظم نے کوڈ پر نظر ثانی کرنے پر اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان میں بڑھتی توانائی کی قیمتوں اور موسمیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اس پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔جی آئی زیڈ کلسٹر کوآرڈی نیٹر توانائی اور موسمیاتی تبدیلی وولف گینگ ہیس نے جی آئی زیڈ اور نیکا کے درمیان تعاون اور توانائی کے شعبے میں پیچیدگیوں کے ساتھ ساتھ توانائی کی قیمتوں میں اضافے، معاشی دباؤ اور افراط زر کی وجہ سے درپیش چیلنجوں پر روشنی ڈالی، بلڈنگ انرجی کنزرویشن کوڈ کو وضع کرنے ، اس کو لاگو کرنے اور کے ذریعے توانائی کے اخراجات کو کم کرنے پرنیکا اور انجینئرنگ یونیورسٹی کے کردار کو سراہا۔ ڈائریکٹر بلڈنگز نیکا ڈاکٹر ذیشان اللہ نے ممکنہ طور پر انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈ کے مخصوص سیکشنز کا ذکر کرتے ہوئے اسٹیک ہولڈرز کےلئے تعمیل کے فوائد کو اجاگر کیا جبکہ ڈائریکٹر بلڈنگز انرجی ریسرچ سنٹرڈاکٹر نوید نے بلڈنگ انرجی کنزرویشن کوڈ کے نفاذ میں معاونت کے لئے تیار کردہ تحقیقی مصنوعات، آن لائن ٹولز اور سافٹ ویئر پیش کیا۔